مبینہ دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن کا قیام، بلاول بھٹو نے ڈیڈ لائن دیدی

Last Updated On 17 September,2018 07:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے حکومت کو عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کے لیے کل تک کی ڈیڈلائن دے دی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کمیٹی نہ بنی تو اپوزیشن کے ساتھ مل کر احتجاج کی حکمت عملی بنائیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے صحافی نے کالا باغ ڈیم سے متعلق موقف کا پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم پر صوبوں اور لوگوں کے اعتراضات ہیں۔

صحافی نے جب کہا کہ چیف جسٹس نے ڈیمز کی مخالفت کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی ہے تو چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی جا رہی ہے، شاید وہ مشرف کے کیس کے حوالے سے بات ہو رہی ہو گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کل تک انتخابی دھاندلی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے کل تک پارلیمانی کمیٹی بنانے کا انتظار کریں گے، اگر کمیشن نہ بنا تو احتجاج کریں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خطاب پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صدر کا خطاب مایوس کن تھا، صدر کے خطاب میں انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے اپوزیشن کے مطالبے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔

ن لیگ کے ساتھ مل کر متفقہ حکمت عملی بنانے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے پارلیمانی کمیٹی نہ بنائی تو اپوزیشن کی متفقہ حکمت عملی پر غور ہو سکتا ہے۔

میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میں تعزیت کرنے جاتا ہوں تو سیاست نہیں کرتا، صرف تعزیت کرتا ہوں۔