حکومت ابتدائی دنوں میں ہی ایکسپوز ہو گئی، بلاول

Last Updated On 01 October,2018 11:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین اپوزیشن سے نہ لگانا حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

 اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اعزاز میں عشائیہ میں تقریر کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت ابتدائی دنوں میں ہی ایکسپوز ہو گئی۔ پیپلز پارٹی عوامی ایشوز پر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔ چیئرمین پی اے سی اپوزیشن سے نہ لگانا حکومت کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دورمیں چودھری نثار کو چیئرمین پی اے سی بنا کر اعلیٰ مثال قائم کی تھی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیرِاعظم کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں جا کر پاکستان کا ٹھوس موقف پیش کرنا چاہیے تھا، انہوں نے اقوام متحدہ نہ جا کر اہم موقع ضائع کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف احتساب اور شفافیت سے بھاگ رہی ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے تحریک انصاف کی حکومت کا احتساب کرنا ہے جس کا نام ہی تحریک انصاف ہے وہ خود احتساب کے عمل سے بھاگ رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کا واضع موقف ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دی جائے۔

 

Advertisement