دھاندلی کے خلاف پارلیمانی کمیشن بننا خوش آئند ہے: بلاول بھٹو

Last Updated On 18 September,2018 03:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے دھاندلی کے خلاف پارلیمانی کمیشن بننا خوش آئند ہے، ہمارا مطالبہ تھا کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ تھا کہ کمیٹی کی چیئرمین شپ بھی اپوزیشن کے پاس ہو، تحریک انصاف کی حکومت کو خوف نہیں تو اپوزیشن کے مطالبات مان لیتی۔ انہوں نے کہا ہم سمجھتے تھے کہ دھاندلی کا مسئلہ پارلیمان میں اٹھانا ہے، جوائنٹ کمیشن کے ذریعے دھاندلی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے، حکومت نے دھاندلی نظر انداز کرنے کی کوشش کی تو اپوزیشن حکمت عملی تیار کرے گی۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر کی تقریر متاثر کن نہیں تھی، انکی بجٹ تقریر اپوزیشن دور میں کی گئی تقاریر کی طرح کی نہیں تھی، تقریر پر مزید رائے منی بجٹ پڑھنے کے بعد دوں گا۔

ادھر بلاول بھٹو زرداری نے شہید میر مرتضیٰ بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہید میر مرتضیٰ بھٹو نڈر، بہادر اور اصول پسند شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے آمریت کو للکارا اور جمہوریت کے لیئے جدوجہد کی، وہ ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔