'معیشت چندہ سے نہیں چلتی، دھرنا دینے اور حکومت کرنے میں فرق ہے'

Last Updated On 03 October,2018 03:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ دھرنا دینے اور حکومت کرنے میں بہت فرق ہے، معیشت چندہ سے نہیں چلتی نہ ہی سیاست گالی سے چلتی ہے، ملک بھی جادو سے نہیں چل سکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں ضمنی بجٹ بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان کے پہلے بجٹ سے بہت توقعات تھیں، پاکستان کی تبدیلی کے لئے ووٹ دینے والے اسٹیٹس کو بجٹ کو دیکھ کر مایوس ہیں، یہ عام پاکستانی کا بجٹ نہیں، کہاں ہے 100 روزہ منصوبہ، کہاں ہیں ایک کروڑ نوکریاں۔ انہوں نے کہا ترقیاتی بجٹ، صحت و تعلیم کے بجٹ میں بھی کٹوتی کی گئی جبکہ تحریک انصاف نے تو صحت و تعلیم کا بجٹ بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، جب سے جنوبی پنجاب محاذ والے کو وزارت ملی جنوبی صوبے کا ذکر تک نہیں کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دھرنا دینے اور حکومت کرنے میں بہت فرق ہے، یہ پارلیمان ہے کنٹینر نہیں، آپ نے اب سنجیدہ سیاست اور پالیسیاں بنانی ہیں۔ مشکل فیصلے کرنے اور ان پر قائم رہنا ہے۔ انہوں نے کہا ہم ایک کروڑ نوکریاں چاہتے ہیں، 50 لاکھ گھر چاہتے ہیں۔ مگر تحریک انصاف کے بجٹ میں ان کے وعدوں کے حوالے سے ایک لائن بھی نہیں، معیشت چندہ سے نہیں چلتی نہ ہی سیاست گالی سے چلتی ہے، ملک جادو سے نہیں چل سکتا۔
 

Advertisement