اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس دوبارہ کھولنے کیلئے آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات کی اور سپریم کورٹ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس دوبارہ کھولنے کیلئے پٹیشن دائر کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اعتزاز احسن ذوالفقار علی بھٹو عدالتی قتل کے صدراتی ریفرنس میں میرے وکیل ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کا انداز مناسب نہیں، شہباز شریف پر الزامات تھے تو گرفتاری کیلئے قانونی تقاضے پورے کیے جاتے۔ شہباز شریف کے معاملے پر قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر ہمارا اتفاق ہے، اگر ریکوزیشن پر دستخط کرنے کی ضرورت ہوئی تو وہ کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس رکھ کر حکومت احتساب سے بھاگنا چاہتی ہے۔