پشاور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے پشاور کی مال روڈ پر کارروائی کے بعد تحقیقات میں اہم پیش رفت، مختلف بینکوں کے ذریعے بے نامی اکاؤنٹس میں ایک ارب روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی۔ تانے بانے آصف علی زرداری ، فریال تالپور اور انور مجید سے جا ملے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے پشاور کی 3 رکنی فنانشل ایکسپرٹ ٹیم کراچی پہنچ چکی ہے، جس کی نشاندہی پر ایف آئی اے نے پشاور کے مال روڈ کے ایک مکان پر چھاپہ مار کر اس میں سے ڈیپازٹ سلپس کمپوٹرارئزڈ ٹرانزیکشن رسیدیں اور کئی بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات قبضے میں لیں، اس چھاپے میں 3 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان بے نامی اکاؤنٹس کے تانے بانے آصف علی زرداری، فریال تالپور اور انور مجید سے ملتے ہیں۔ ان اکاؤنٹس سے ایک ارب روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی ہے، جنہیں پشاور کے چوک یادگار سے ہنڈی کے ذریعے غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کیا گیا۔
تحقیقات میں ملک کے دیگر شہروں کے بڑے بینکوں میں بھی کئی مشکوک اکاؤنٹس کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔ انور مجید کے جعلی بینک اکاؤنٹس کا بڑا پیسہ پشاور کیوں اور کیسے پہنچا اس حوالے سے کئی اہم انکشافات کی توقع ہے۔