اسلام آباد/ راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سمیت ملک کی اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان سے تعزیت کی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق چین کے اہم دورے پر گئے وزیراعظم عمران خان کو جمیعت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی شہادت کی اطلاع دیدی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ایک اہم مذہبی شخصیت اور سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کی دینی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی مولانا سمیع الحق کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مولانا سمیع الحق کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا قتل پاکستان میں فساد پیدا کرنے کی مذموم سازش ہے، قوم اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مرحوم کا شمار شمار جید علمائے کرام میں ہوتا تھا، ان کی دینی خدمات کی وجہ سے انہیں عقیدت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرین کے طور پر بھی مولانا سمیع الحق نے فعال اور متحرک کردار ادا کیا۔ مولانا پاکستان کی تاریخ میں ہونے والے کئی اہم مراحل میں ایک اہم فریق کے طور پر شامل رہے، ایک ایسے موقع پر جب پہلے ہی ملک میں نہایت مشکل صورتحال ہے، مولانا سمیع الحق کو نشانہ بنا کر پاکستان کے استحکام پر کاری وار کر کے مذموم حرکت کی گئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ قوم دشمن کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے، یہ ایک بڑا نقصان اور صدمہ ہے جس میں صبروتحمل اور دانائی سے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
COAS strongly condemns assassination of renowned religious scholar and political leader Moulana Sami ul Haq. Expresses grief and condolences to the bereaved family.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) November 2, 2018