اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کی موجودہ صورتحال پر سابق وزیراعظم چودھری شجاعت اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ میدان میں آ گئے۔ چودھری برادران نے مطالبہ کیا کہ ملک کو حالیہ بحران سے نکالنے کے لیے غیر سیاسی علما مثبت کردار ادا کریں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ملک معاشی بحران سمیت دیگر مسائل میں گھرا ہے، حکومت اور اپوزیشن ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چند عناصر نے ملک کو مزید مسائل میں پھنسا دیا۔ فوج کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جا رہی ہے۔ مسلح افواج نے ملک کی بقاء کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آرمی چیف کا تعلق بھی مذہبی گھرانے سے ہے۔ ان کی حب الوطنی پر کوئی شک نہیں کیا جاسکتا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ ختم نبوت کی آڑ میں سیاست سے گریز کیا جائے۔ دکھ کی بات ہے اسلام کے حوالے سے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں۔ آرمی چیف اور ججز کو ایسے سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں۔ فوج کی خدمات ان گنت ہیں، ان کے خلاف بات کرنا ملک دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات تقاضا کرتے ہیں کہ اصل مسائل کی طرف توجہ دی جائے۔