’پاکستان اور چین ڈالر کے بجائے اپنی کرنسیوں میں لین دین کریں گے‘

Last Updated On 04 November,2018 11:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین معاشی بحران سے نکلنے کے لئے پاکستان کی مدد کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان 15 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ سی پیک کو درپیش خطرات سے بھرپور انداز میں نمٹنے اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ عظیم ہمسائے چین نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے اپنے دیرینہ دوست پاکستان کی بھرپور مدد کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان 15 معاہدوں پر دستخط ہوئے، دونوں ممالک ڈالر کے بجائے اپنی کرنسی میں تجارت کریں گے۔ پاکستان اور چین نے اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ اور ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، چینی قیادت نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔

تاریخی اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور چین کی قیادت نے سی پیک منصوبوں پر جاری پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے اسے درپیش ہر طرح کے خدشات اور خطرات سے بھرپور انداز میں نمٹنے کا عزم کیا۔

دونوں ممالک نے سی پیک کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ پاکستان میں معاشی ترقی اور روزگار پیدا کرنے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دیئے جائیں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چین نے پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ باہمی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور چین نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ چین نے دہشت گردی کے خاتمے اور ہمسایہ ممالک کیساتھ مسائل پرامن طور پر حل کرنے کی پاکستانی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ دونوں ملک اچھے ہمسائے،قریبی دوست،آہنی بھائی اور قابل اعتماد شراکت دار ہیں۔ عالمی، خطے اور مقامی حالات جیسے بھی رہے، دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط ہوئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق چین پاکستان کی نیوکلیئرسپلائر گروپ کے ساتھ تعاون اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ چین نے کہا کہ نیوکلیئر سپلائر گروپ میں پاکستان کی شمولیت خوش آئند ہو گی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے معاشی ترقی میں چین کی حمایت اور تعاون کی تعریف کی۔

 

Advertisement