اسلام آباد: (دنیا نیوز) خورشید شاہ کا کہنا ہے سپارکو پانچ سال نہیں فسادیوں کیلئے تین ماہ کا ڈیٹا مانگے، ایسا نہ ہو پورا ایوان ہی خالی ہوجائے، زبانیں بند ہیں نہ ہاتھوں میں ہتھکڑی، چاہتے ہیں ایوان خوش اسلوبی سے چلے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کل اسمبلی میں جو واقعہ ہوا وہ انتہائی ناخوشگوار تھا، ہم قومی اسمبلی میں فساد نہیں پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا سپیکر نے آج اپنے چیمبر میں بلایا تھا، اپوزیشن ارکان پہنچ گئے، مگر حکومتی رکن سپیکر کے بلانے پر بھی نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا یہ سیاست گالم گلوچ سے نہیں چلے گی، کسی کے ہاتھ میں ہتھکڑیاں نہیں، سب کے ہاتھ کھلے ہیں۔
بعدازں مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کل قومی اسمبلی ایوان میں ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، اس ایوان میں نئی روایات ڈالی جا رہی ہیں، کسی رکن کی گفتگو کو روک کر وزیر کو بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا۔