لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنی جیتی ہوئی نشستیں ہار گئی، یہ عمران حکومت کی 50 روزہ کارکردگی کا ردعمل ہے۔
ضمنی انتخابات کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عام طور پر ہر جماعت اپنی خالی کردہ نشستیں دوبارہ جیت لیتی ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ میں اپنی نشستیں دوبارہ جیت لیں، چوہدری برادران تک نے اپنی خالی کردہ نشستیں جیت لیں، لیکن تحریک انصاف بڑی تعداد میں اپنی ہی نشستیں ہار گئی۔ انہوں نے کہا لاہور میں عوام نے تحریک انصاف کو اڑا کر رکھ دیا، تحریک انصاف سوات میں اپنی دونوں نشستیں ہار گئی، یہ عمران حکومت کی پچاس روزہ کارکردگی کا ری ایکشن آیا ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا عوام تیزی سے گرتی ملکی معیشت پر پریشان ہیں، نئے ٹیکسز، مہنگی بجلی، گیس کے اثرات سے عوام غصے میں ہیں، حکومت کی 50 دن کی کارکردگی زیرو ہی نہیں مائنس میں ہے، ضمنی انتخابات نتائج کے بعد اسمبلیوں میں اپوزیشن کی آواز مزید زور پکڑے گی۔