این اے 103:ن لیگ 2013 والی نشست جیتنے میں کامیاب رہی

Last Updated On 15 October,2018 10:48 am

فیصل آباد( روزنامہ دنیا ) فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103میں ضمنی الیکشن ہوئے ۔ حلقہ این اے 103اور صوبائی اسمبلی پی پی 103سے آزاد امیدوار مرزا محمد احمد مغل کی خودکشی کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہو گئے تھے ۔

ضمنی انتخابات میں این اے 103پر مسلم لیگ ن کی طرف سے 2بار تحصیل ناظم رہنے والے میاں علی گوہر خان بلوچ امیدوار تھے جو کہ سابق ایم این اے میاں رجب علی خان بلوچ کے بھائی ہیں۔یہاں ایک دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ دونوں ایک ہی گاؤں کے رہائشی ہیں۔ این اے 103میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے مابین کانٹے کے مقابلہ توقع کی جا رہی تھی تاہم اس معرکے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں علی گوہر بلوچ سرخرو ٹھہرے۔

، اس طرح مسلم لیگ ن اپنی 2013ء والی نشست جیتے میں کامیاب رہی ہے ۔پی پی103 کی بات کی جائے تو 25جولائی کے عام انتخابات کے موقع پر علی گوہر بلوچ پارٹی کے امیدوار جعفر علی ہوچہ کی بجائے آزاد امیدوار شہیر داؤد کی حمایت کر رہے تھے ، جس وجہ سے جعفر علی ہوچہ کی کامیابی کے امکانات معدوم تھے ، الیکشن ملتوی ہونا جعفر علی ہوچہ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوا، کیونکہ نواز شریف نے بعدازاں دونوں کے مابین اختلافات ختم کرواتے ہوئے صلح کروا دی تھی، یوں ضمنی الیکشن کے موقع پر دونوں امیدواروں نے مل کر انتخابی مہم چلائی، جس کے نتیجہ میں جعفر علی ہوچہ بھی اپنی نشست بچانے میں کامیاب رہے ۔