لاہور: (دنیا نیوز) ضمنی الیکشن کے دوران قومی اور صوبائی اسمبلی کے 6 حلقے ایسے ہیں جہاں صرف چند سو ووٹوں سے جیت ہار کا فیصلہ ہوا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ اہمیت اختیار کر گئے، الیکشن کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ شامل کرنے کا فیصلہ کل کرے گا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ پانسہ پلٹنے کی پوزیشن میں آ گئے، غیر حتمی ، غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 6 حلقے ایسے ہیں جہاں جیت کا فرق انتہائی کم ہے۔
راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے حلقہ 60 میں صرف 647 ووٹوں سے جیت ہار کا فیصلہ ہوا، خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ 53 مردان میں صرف 31 ووٹوں سے فیصلہ ہوا۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ 3 اٹک میں صرف 150 ووٹوں نے امیدوار کو کامیابی دلوائی۔
پی پی 27 جہلم میں بھی امیدوار صرف 600 ووٹوں کے فرق سے فاتح ٹھہرا، پی کے 7 سوات میں 600 اور پی کے 3 سوات میں جیت کا فرق صرف 800 ووٹوں کا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بیرون ملک مقیم 85 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے، اس سلسلے میں کل نادرا حکام کے ساتھ ملاقات کی جائے گی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ شامل کیے جانے کا فیصلہ ہو گا۔