پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کا 6 نشستوں کے ساتھ پہلا نمبر ہے، جبکہ اے این پی دو اور ن لیگ ایک سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ بلوچستان میں بی این پی مینگل ایک نشست لے اڑی، ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔
پختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہوئے۔ پی کے 3 سوات سے ن لیگ کے سردار خان 16604 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ پی ٹی آئی کے ساجد علی 15807 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی کے 7 سے اے این پی کے وقار احمد خان کامیاب ہوگئے۔ پی کے 44 سے پی ٹی آئی کے عاقب اللہ خان کامیاب ہوگئے، عاقب اللہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی ہیں، یہ نشست اسد قیصر نے ہی خالی کی تھی۔
پی کے 53 سے تحریک انصاف کے عبدالاسلام آفریدی جیت گئے۔ پی کے 61 نوشہرہ سے و فاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے صاحبزادے ابراہیم خٹک جیت گئے، یہ نشست پرویز خٹک نے ہی خالی کی تھی۔ پی کے 64 پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک 21 ہزار752 ووٹ لے کامیاب ہوگئے۔ یہ نشست بھی پرویز خٹک نے ہی خالی کی تھی۔
پی کے 78 پشاورسے اے این پی کی ثمر ہارون بلور کامیاب ہوگئیں، یہ ہارون بلور شہید کی بیوہ ہیں، عام انتخابات سے چند روز قبل ہارون بلور کو پشاور میں ریلی سے خطاب کے دوران نشانہ بنایا گیا تھا۔ پی کے 97 سے پی ٹی آئی کے فیصل امین خان 18170ووٹ لے کر جیت گئے، یہ علی امین گنڈا پور کے بھائی ہیں، یہ نشست انہوں نے ہی خالی کی تھی۔
پیپلز پارٹی کے فرحان افضل 9 ہزار ووٹ لے سکے۔ پی کے 99 ڈی آئی خان سے پی ٹی آئی کے آغاز اکرام گنڈاپور کامیاب ہوگئے، یہ نشست عام انتخابات سے چند روز قبل اکرام اللہ گنڈا پور کی خود کش حملے میں شہادت کے بعد خالی ہوئی تھی۔
بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ پی بی 35 مستونگ سے آزاد امیدوار اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اسلم رئیسانی جیت گئے، عام انتخابات سے چند روز بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سردار سراج رئیسانی خودکش حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ پی بی 40 خضدارسے بی این پی کے محمد اکبر کامیاب ہوگئی، یہ نشست اختر مینگل نے چھوڑی تھی۔