لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کی 13 نشستوں میں سے ن لیگ نے 6، حکمران جماعت نے 5 جبکہ 2 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے، لاہور میں لیگی کارکنوں نے جشن منایا اور بھنگڑے ڈالے۔
پنجاب اسمبلی کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ پی پی 3 اٹک سے ن لیگ کے افتحار محمد خان 43 ہزار 259 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، پی ٹی آئی کے محمد اکبر خان 43 ہزار 32 ووٹ لے سکے۔ پی پی 27 جہلم سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی چھوڑی ہوئی نشست پر ن لیگ کے ناصر محمود 61542 ووٹ لے کر جیت گئے، تحریک انصاف کے راجہ شاہ نواز 60886 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ جنرل الیکشن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے 17سو ووٹوں سے شکست دیکر یہ سیٹ ناصر محمود سے جیتی تھی۔
پی پی 103 سے ن لیگ کے جعفر علی کامیاب ہوگئے، پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آزاد امیدوار چودھری بلال اصغر 35 ہزار 230 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، تحریک انصاف کے امیدوار اسد زمان چیمہ 31 ہزار 254 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ لاہور میں شہباز شریف کے خالی کردہ حلقے پی پی 164 سے ن لیگ کے سہیل شوکت بٹ 33 ہزار 8 سو 90 ووٹ لے کر کامیاب رہے، ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار یوسف علی 26 ہزار 500 ووٹ لے سکے۔
لاہور سے شہبازشریف کے ہی خالی کردہ حلقے پی پی 165 میں ن لیگ کے ملک سیف الملوک کھوکھر 28 ہزار 589 ووٹ حاصل کر کے فتحیاب ہوئے، انہوں نے پی ٹی آئی کے منشا سندھو کو شکست دی جو 23 ہزار 149 ووٹ لے سکے۔ پی پی 201 ساہیوال سے پی ٹی آئی کے صمصام بخاری کامیاب ہوگئے انہوں نے 58280 ووٹ لیے، مسلم لیگ ن کے محمد طفیل 51662 ووٹ لے سکے۔
پی پی 222 سے آزاد امیدوار قاسم عباس لنگاہ کامیاب ہوگئے۔ پی پی 261 سے پی ٹی آئی کے فواز احمد ہاشمی 25 ہزار 214 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ پی پی 272 مظفرگڑھ سے تحریک انصاف کی زہرہ بتول 24 ہزار 19 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئیں۔ پی پی 292 ڈی جی خان سے سابق وفاقی وزیر اویس لغاری 32 ہزار 845 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، انہوں نے پی ٹی آئی کے مقصود لغاری کو شکست دی جو صرف 21 ہزار 938 ووٹ لے سکے۔ یاد رہے کہ پی پی 87 اور پی پی 296 سے پی ٹی آئی کے امید وار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
سندھ میں دو صوبائی حلقوں پر ضمنی انتخابات ہوئے دونوں ہی پیپلز پارٹی نے جیت لیں۔ پی ایس 30 خیر پور سے پیپلز پارٹی کے سیداحمد رضا شاہ جیلانی 35 ہزار 749 ووٹ لے کر جیت گئے، پی ایس87 کراچی سے پیپلزپارٹی کے محمد ساجد 22 ہزار 654 ووٹ لے کر جیت گئے۔ تحریک انصاف کے قادر بخش 8 ہزار ووٹ لے سکے۔