مظفر گڑھ: (دنیا نیوز) مظفر گڑھ میں ماں نے بیٹے کو ہرا دیا۔ سابق ایم پی اے عبداللہ شاہ بخاری کی اہلیہ زہرہ بتول نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جب کہ ان کے بیٹے ہارون سلطان نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لیا۔
ماں کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے ہارون سلطان بخاری تین مرتبہ ایم پی اے اور دو مرتبہ صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں پی پی 272 سے تحریک انصاف کی زہرہ بتول 24 ہزار 19 ووٹ لے کے کامیاب قرار پائیں جب کہ ان کے مدمقابل ان کے بیٹے سید ہارون احمد سلطان 17 ہزار 72 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
عبداللہ شاہ کے بڑے بیٹے باسط سلطان بخاری 2018 کے عام انتخابات میں این اے 185 اور پی پی 272 سے کامیاب ہوئے تھے۔ باسط سلطان بخاری نے صوبائی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا جس کے باعث اس حلقہ میں ضمنی انتخاب ہوا۔
پی پی 292 ڈیرہ غازی خان میں بھی ایسی ہی صورتحال رہی، اس حلقے سے چچا اور بھتیجے میں مقابلہ تھا، اویس لغاری مسلم لیگن کے امیدوار تھے جبکہ مقصود لغاری تحریک انصاف کی جانب سے میدان میں اترے، غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق اویس لغاری 33 ہزار 776 ووٹ لیکر کامیاب رہے۔