اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرپشن کے حوالے سے اہم انکشافات، وزیراعظم نے مشاورت کے بعد ویڈیو پیغام جاری کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا، وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تصدیق کر دی۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کیخلاف انکشافات کے معاملے پر مشاورت کے بعد قوم کے نام اپنا ویڈیو پیغام نشر کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض رہنماؤں نے وزیراعظم کو ویڈیو پیغام جاری نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، قانونی نقطہ نظر کے تحت ویڈیو خطاب کینسل کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کیساتھ کھڑی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو حکومت اور ریاست کیسے چلے گی؟ آج اتوار کو کرپشن بارے حیرت انگیز انکشافات کرونگا، جو چیزیں سامنے لاؤنگا وہ آپ کیلئے دلچسپ ہونگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بحران سے نکل گیا ،10 دن میں غربت کے خاتمے کیلئے پیکج لائیں گے، پاکستان مثالی ملک بنے گا۔ حکومت میں آتے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ملک کے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کے لیے ڈھائی ماہ لگ گئے، ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لئے اقدامات کئے، ہم وسائل نہیں احساس کی کمی کاشکار ہیں، احساس اور رحم کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں ہو سکتا۔