پولیس کا سمیع الحق کے سیکرٹری کو باضابطہ شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 13 November,2018 12:29 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی پولیس مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو تلاش کرنے میں ناکام، جمیعت علماء اسلام (س) کے مقتول سربراہ کے سیکرٹری احمد شاہ کو باضابطہ شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

راولپنڈی پولیس مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کا تاحال سراغ نہیں لگا سکی، اب پولیس نے مولانا سمیع الحق کے سیکرٹری احمد شاہ کو باضابطہ شامل تفتیش کرنے کا تحریری حکم نامہ ارسال کردیا ہے۔ طلبی اور شامل تفتیش ہونے کا یہ حکم نامہ ضابطہ فوجداری ایک سو ساٹھ کے جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا کے سیکرٹری احمد شاہ اور ان کے دیگر عزیز و اقارب پولیس سے رابطے میں ہیں اور احمد شاہ نے پولیس سے کچھ دن کا وقت مانگ رکھا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا سمیع الحق کے قتل کے سلسلے میں پولیس اب تک 22 افراد کے بیانات ریکارڈ کرچکی ہے جن میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے ملازمین اور مولانا سمیع الحق کے پڑوسی بھی شامل ہیں۔