اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق نے کہا ہے کہ افغان حکومت اور مختلف طاقتوں کی جانب سے والد کو خطرہ تھا کیوں کہ والد صاحب افغانستان کو امریکا کے تسلط سے آزاد کرانا چاہتے تھے۔
ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ والد بین الاقوامی خفیہ اداروں کے ہدف پر تھے۔ ہم نے پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو دھمکیوں کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، جب کہ دارالعلوم اکوڑہ خٹک میں بھی سکیورٹی سخت کردی گئی تھی تاہم مولانا صاحب سکیورٹی کو پسند نہیں کرتے تھے اس لئے سفر میں ان کے ساتھ سکیورٹی نہیں ہوتی تھی۔
مولانا حامد الحق نے مزید کہا کہ ایسی قوتیں جو ملک میں اسلام کا غلبہ نہیں چاہتیں اور جو جہاد، مدرسوں اور خانقاہوں کی مخالف ہیں وہی طاقتیں اس قتل میں ملوث ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے عوام اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور دشمن قوتوں کو تنقید کا موقع نہ دیں۔