العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کا بیان تیسرے روز بھی مکمل نہ ہو سکا

Last Updated On 16 November,2018 06:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں نواز شریف کا بیان تیسرے روز بھی مکمل نہ ہو سکا، احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کیخلاف مقدمات کے فیصلے کی ڈیڈ لائن میں مزید توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو درخواست دے دی۔

نواز شریف نے صفائی کے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ جے آئی ٹی نے قطری شہزادہ حمد بن جآسم کیلئے کڑی شرائط رکھیں، لگتا ہے کمیٹی انکا بیان قلمبند کرنا ہی نہیں چاہتی تھی۔ العزیزیہ اسٹیل کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مل ان کے والد نے قائم کی، حسین نواز اسے چلاتے تھے، حسن اور حسین نواز کا جے آئی ٹی میں بیان ، میری موجودگی میں ریکارڈ نہیں ہوا، دونوں سے منسوب کوئی بیان یا انٹرویو بطور شہادت پیش نہیں کیا جا سکتا۔

مریم نواز کو تحفہ دینے کے سوال پر نواز شریف نے جواب دیا ہے کہ بیٹے سے تحفے میں ملنے والی رقم بیٹی کو تحفہ دینے کا قانونی اختیار تھا۔ الدار آڈٹ بیورو کی رپورٹ کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ بطور شواہد پیش نہیں کی جا سکتی، کیونکہ جے آئی ٹی نے رپورٹ تیار کرنے والے کا بیان ریکارڈ نہیں کیا، جے آئی ٹی کے پیش کردہ چارٹ میں جعلسازی کا بھی شائبہ ہے۔ نواز شریف کا بیان پیر کو بھی جاری رہے گا۔