اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری کا کہنا ہے چینی قونصلیٹ پر حملہ سازش ہے، پولیس اور رینجرز کی بروقت کارروائی سے حملہ ناکام ہوا، پولیس اور رینجرز کی بروقت کارروائی پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا دہشتگردوں نے آج کا دن چنا کیونکہ آج ویزے جاری ہوتے ہیں، پاک چین دوستی پر حملہ کیا گیا، پاک چین تعلقات پر دنیا کے حساس اداروں کی نظر ہے۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم نے کہا ہے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی، کچھ قوتوں کو پاکستان میں امن ایک آنکھ نہیں بھا رہا، پاکستان میں امن اور خوشحالی کیلئے پوری قوم یکجا ہے۔
فواد چودھری نے کہا شہدا کے ورثا کے ساتھ کھڑے ہیں، اس طرح کی سازشوں سے پاک چین دوستی ختم نہیں ہو سکتی، پاک چین دوستی حمالیہ سے بلند اور بحیرہ عرب سے گہری ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں امن کی واپسی کئی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہی، سی پیک سکیورٹی کے مکمل اقدامات کیے جا چکے ہیں۔