اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے این آر او کی باتیں مفروضوں پر مبنی ہیں، این آر او کرنے والا لندن سے آکر جیل نہیں جاتا۔
سابق وزیراعظم نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا میں اکیلا نہیں بلکہ بیٹی کے ساتھ جیل گیا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے کے ساتھ ایسا سلوک کیوں ہو رہا ہے ؟ ایٹمی دھماکے کا فیصلہ نہ کرتا تو خطے میں صرف ہندوستان ایٹمی طاقت ہوتا۔ انہوں نے کہا میں تو بات بھی نہیں کرنا چاہتا، اپنی اہلیہ کے انتقال کے باعث غم کی حالت میں ہوں، اچھا نہیں لگتا کہ میں اس حالت میں کھڑے ہو کر سیاسی نعرے لگاتا رہوں۔
قبل ازیں احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف نے دفاع میں گواہ پیش کرنے سے انکار کر دیا۔ نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا استغاثہ ثابت نہیں کرسکا بچے زیر کفالت اور بے نامی دار تھے، مفروضوں کے ثبوت نہیں ہوتے۔ نواز شریف عدالت میں اپنے دور کے اقدامات بھی گنواتے رہے۔