قائداعظم یونیورسٹی: طلباء تنظیموں میں تصادم کے باعث دوسرے روز بھی کشیدگی برقرار

Last Updated On 21 November,2018 04:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی میں طلباء تنظیموں میں تصادم کے باعث دوسرے روز بھی کشیدگی برقرار ہے، ڈنڈوں اور پتھروں کے آزادانہ استعمال سے درجنوں طلباء زخمی ہو گئے جنہیں پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

گزشتہ رات یونیورسٹی میں تصادم شروع ہوا جس کے بعد آج بھی وقفے وفقے سے جھڑپیں جاری ہیں۔ مشتعل طلباء نے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے جبکہ املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔

کشیدہ صورتحال کی وجہ سے یونیورسٹی ہاسٹل بند کر دئیے گئے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اب بھی یونیورسٹی میں تعینات ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ توڑپھوڑ میں ملوث طلباء کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔