اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی ڈی اے نے سپریم کورٹ کے حکم پر بنی گالہ کو ریگولرائز کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان سمیت 132 مالکان نے اپنی تعمیرات ریگولرائز کرانے کیلئے درخواستیں جمع کرا دیں۔
بنی گالہ سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں اپنے 2 گھر ریگولرائز کرنے کی درخواست جمع کروا دی۔ سی ڈی اے کو بنی گالہ کی کمرشل اور رہائشی عمارتوں کی ریگولرائزیشن کیلئے 132 درخواستیں موصول ہو گئیں۔
وزیراعظم نے بنی گالہ میں 250 کنال اراضی پر 2 رہائش گاہوں کےکاغذات، سی ڈی اے ون ونڈو دفترمیں جمع کرائے، زمین کےملکیتی کاغذات اور نقشے بھی درخواست کےساتھ لف ہیں۔ بنی گالہ میں رہائشی عمارتوں کی ریگولرائزیشن کیلئے 100 روپے فی مربع فٹ جرمانہ لیا جائے گا، کمرشل بلڈنگز کیلئےجرمانہ 200 روپے فی مربع فٹ ہوگا۔
ذرائع کےمطابق بنی گالہ میں اراضی کےکمرشلائزیشن چارجز 3500 روپے فی مربع فٹ مقرر کئے گئے ہیں جبکہ ڈویلپمنٹ چارجز الگ سے لئے جائیں گے۔