اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم نے پیر کے روز اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا،اب تک کیا منصوبہ بندی کی گئی؟ اس بارے وزیراعظم کو بریفنگ دی جائے گی۔
پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعظم نے عملی اقدامات پر پیش رفت کے لئے پیر کے روز اسلام آباد میں اجلاس بلا لیا ہے، وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید اور دیگر حکام شرکت کریں گے۔
پنجاب میں صاف پانی منصوبے کے حوالے سے بنیادی طور پر گورنر پنجاب کو ذمہ داری سونپی گئی ہے، اس ضمن میں وہ متعدد اجلاس بھی کر چکے ہیں اور ابتدائی پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں صاف پانی کے حوالے سے کیا منصوبہ بندی کی گئی، اس حوالے سے وزیراعظم کو مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، پنجاب میں صاف پانی کے حوالے سے تمام پلان کا جائزہ لے کر وزیراعظم آئندہ کے لئے اقدامات کی منظوری دیں گے۔