العزیزیہ ریفرنس: نوازشریف جواب قلمبند کراتے ہوئے جذباتی ہو گئے

Last Updated On 19 November,2018 10:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نوازشریف العزیزیہ ریفرنس میں صفائی کا جواب قلمبند کراتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ کہتے ہیں ان کے بچے بیرون ملک کاروبار نہ کرتے تو کیا بھیک مانگتے۔

 

العزیزیہ ریفرنس اختتام کی جانب گامزن ہے، نوازشریف کا بیان چوتھے روز بھی نامکمل، 151 سوالات میں سے 147 کے جواب عدالتی ریکارڈ میں شامل وہ گئے۔ حسین اور حسن نواز کے متعلق جذباتی باتیں، زبان کی لغزش بھی نوازشریف کے جواب کا حصہ رہی۔

نوازشریف نے پیر کو 27 سوالات کے جواب قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ اکاؤنٹ میں بیرون ملک سے آنے والی رقوم درست طور پر ظاہر کیں، جے آئی ٹی کی تحقیقات کے دوران ریکارڈ بیانات قابل قبول شہادت نہیں، سپریم کورٹ کو متفرق درخواست میں جے آئی ٹی کے نام نہاد شواہد اور رپورٹ مسترد کرنے کی استدعا کی، جے آئی ٹی کی تحقیقات تعصب پر مبنی اور ثبوت کے بغیر تھیں۔

حسن اور حسین نواز کے بیانات سے متعلق بات کرتے ہوئے نوازشریف کی زبان پھسل گئی اور کہہ گئے کہ حسن اور حسین نواز کا بیان میرے خلاف بطور شواہد پیش کیا جا سکتا ہے، تاہم وکیل صفائی کےلقمہ دینے پر بیان درست کرایا۔ نوازشریف نے جذباتی انداز میں کہا ساری دنیا کے بچے باہر پڑھتے، کماتے اور پیسے بھی بھیجتے ہیں۔ میرے بچوں نےایسا کیا مختلف کام کیا؟ وہ بیرون ملک کاروبار نہ کرتے تو کیا بھیک مانگتے۔ حکومت دھکے دے کر ملک سے نہ نکالتی تو یہاں کاروبار کر رہے ہوتے۔