اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیرمملکت مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں پاک چین تعلقات خراب کرنا چاہتی ہیں، ان سے پاکستان میں امن دیکھا نہیں جاتا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت نے چینی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوپائیں گے۔
انہوں نے وزرات مواصلات اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا کہ 50دنوں میں 350 کروڑ کا ریونیو بڑھایا اور اخراجا ت 50فیصد کم کیے، 50کروڑ کی ریکوری کی گئی۔کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت اضافی گاڑیوں کی فروخت سے 20کروڑ 80 لاکھ روپے حاصل ہوئے اور 2 کروڑ کا ٹیکس ملا۔ شاہراہوں کے ٹھیکوں میں شفافیت کے لئے موبائل ایپ بھی تیار کی گئی ہے جس پر منصوبوں کی تفصیلی معلومات بھی فراہم کی گئیں، ٹھیکے من پسند افراد کی بجائے ٹینڈر کے ذریعے میرٹ پر دئیے جارہے ہیں