وزیراعظم کی نااہلی درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش

Last Updated On 23 November,2018 07:55 pm

لاہور:(روزنامہ دنیا) لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست پر جسٹس شمس محمود مرزا نے فل بینچ بنانے کی سفارش کر دی۔

ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے معاملہ اہم نوعیت کا قراردیتے ہوئے فل بینچ بنانے کیلئے فائل چیف جسٹس کوبھجوادی ۔
درخواست گزار تنظیم لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کے وکیل اے کے ڈوگر کے مطابق عمران خان نے سول نافرمانی کیلئے لوگوں کواکسایا، پارلیمنٹ کی بلڈنگ پر دھاوا بولا اور گیٹ توڑے ۔اس طرح عمران خان نے ملکی سالمیت اور سیاسی نظام کے خلاف کام کیا۔ عمران خان سول نافرمانی پر اکسانے کے بعد رکن پارلیمنٹ بننے کے اہل نہیں رہے ،اس لیے انہیں آرٹیکل 62 کے تحت نااہل کیا جائے ۔دریں اثنا سیشن عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے الگ الگ کیسوں کی سماعت معزز جج کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے نہ ہو سکی۔ عدالت نے دونوں کیسوں میں مزید کارروائی کے لیے سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کر دی۔