اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا اسلام آباد کے مقامی ہسپتال میں طبی معائنہ کروایا گیا۔ نیب ٹیم کل لاہور منتقل کرے گی۔ سابق وزیراعظم نے نیب کو شہباز شریف کے ملاقات کیلئے درخواست دی تھی جو نیب نے قبول کر لی.
نیب ترجمان کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔ ملاقات کیلئے نیب کو نوازشریف نے درخواست دی تھی جو قبول کر لی گئی۔
قبل ازیں نیب ٹیم نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا اسلام آباد کے مقامی ہسپتال میں طبی معائنہ کرایا، اپوزیشن لیڈر کے مزید ٹیسٹ لئے گئے اور ان کا سی ٹی سکین بھی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو ٹیسٹ لینے کے بعد واپس منسٹر انکلیو منتقل کر دیا گیا۔ شہباز شریف کو کل لاہور لے جایا جائے گا۔
واضح رہے شہباز شریف کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہونے لگا ہے۔ نیب نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کے خلاف مزید شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے صوبائی محکمہ پی اینڈ ڈی سے رمضان شوگر ملز کے لئے جاری فنڈز کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ رمضان شوگر ملز کے لئے بنالہ بنانے کی مد میں پانچ کروڑ سے زائد مختص کئے گئے فنڈز کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں۔