لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے پنجاب میں کسانوں کے حقوق کی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا، بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہو گئی، پانچ دسمبر کو پہلا مظاہرہ چنیوٹ میں ہو گا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماوں کو کسانوں کے حقوق کے لئے سڑکوں پرنکلنے کی ہدایت کر دی۔ بلاول بھٹو نے حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، پارٹی کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو جائے۔
بلاول بھٹو کی ہدایات کی روشنی میں کسانوں کے استحصال کے خلاف تحریک کا آغاز چنیوٹ سے ہو گا۔ جہاں کرشنگ نہ کرنے کے خلاف شوگرملز مالکان کے خلاف پی پی پی پہلا مظاہرہ کرے گی۔ مظاہرے کی قیادت صوبائی صدر قمر زمان کائرہ کریں گے۔
پیپلزپارٹی پنجاب کے ترجمان سید حسن مرتضی کا کہنا ہے کہ کسانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر اب خاموش نہیں رہیں گے، شوگر ملز مالکان کرشنگ کا آغاز نہ کر کے کسانوں کا استحصال کر رہے ہیں، تمام کاشتکاروں، کسانوں اور ہاریوں سے اپیل ہے کہ وہ اس تحریک میں بھرپور شرکت کریں۔