لاہور: یکم دسمبر سے دونوں موٹر سائیکل سواروں پر ہیلمٹ پہننا لازمی

Last Updated On 27 November,2018 09:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے دونوں موٹر سائیکل سواروں پر یکم دسمبر سے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیدیا۔

 

دونوں موٹر سائیکل سواروں کے ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے چالان کیا جائے جسٹس علی اکبر قریشی نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کو احکامات جاری کر دئیے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے بتایا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ٹریفک رولز پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

سیف سٹی پراجیکٹ کے چیف آپریٹنگ افسر ڈاکٹر اکبر ناصر نے عدالت کو بتایا کہ ای چلان کی وجہ سے سگنل کی خلاف ورزی میں کمی ہوئی جبکہ ساڑھے تین کروڑ روپے چالان کی مد میں جمع ہوئے۔

چیف ٹریفک پولیس افسر نے بتایا کہ ٹریفک رولز پر من وعن عمل کیا جا رہا ہے، ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے 3 لاکھ 24 ہزار چالان کیے، ہیلمٹ کی وجہ سے ہزاروں قیمتی جانیں حادثات ہونے کے باوجود بچ گئیں۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کی کارکردگی کی تعریف کی۔

عدالت نے موٹر سائیکل سوار دونوں افراد کے لیے یکم دسمبر سے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیدیا اور حکم دیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔