سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں تعلیم پر سرمایہ کاری نہیں کی گئی اور نہ ہی ملک میں معیاری یونیورسٹیاں نہیں بنیں، میں سڑکوں کا افتتاح کرنے کے بجائے یونیورسٹیوں کا افتتاح کروں گا۔
وزیراعظم عمران خان کا سیالکوٹ میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو قومیں تعلیم پر پیسہ لگاتی ہیں وہ ترقی کرتی ہیں، ماضی کی حکومتوں نے تعلیم پر سرمایہ کاری نہیں کی۔
انہوں نے سنگاپور کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کی ایکسپورٹ 330 ارب ڈالر جبکہ پاکستان کی برآمدات صرف 24 ارب ڈالر ہے، سنگاپور کی ایک یونیورسٹی کا بجٹ ہماری تمام یونیورسٹیوں سے زیادہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا اصل سرمایہ ہیں، پاکستان کے پیچھے رہنے کی وجہ تعلیم پر توجہ نہ دینا ہے، ہر یونیورسٹی کا وائس چانسلر وسائل کا شکوہ کرتا ہے، تعلیم کے شعبے میں سب سے زیادہ پیسہ خرچ کریں گے اور ہائر ایجوکیشن پر زیادہ توجہ دیں گے، آئندہ کوئی وائس چانسلر وسائل کا شکوہ نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے سپر پاور بننے کے پیچھے بڑا کردار یونیورسٹیوں کا تھا، دنیا انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وجہ سے ترقی کر رہی ہے۔