اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزارت ہاؤسنگ کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے سے ملک میں سرکاری مکانات کی کمی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں وزارت ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے لئے 41 کمپنیوں نے اراضی فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے بتایا کہ سرکاری ملازمین اور افسران کو گھروں کی الاٹمنٹ کا عمل شفاف انداز سے جاری ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ وزارت ہاؤسنگ کو 26 ہزار 724 مکانات کی کمی کا سامنا ہے جبکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے لئے 41 کمپنیوں نے اراضی فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ہاؤسنگ کے شعبے میں درپیش مسائل سے آگاہ ہے، پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے سے سرکاری سرکاری مکانات کی کمی کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ کی دستیاب افرادی قوت کو استعمال میں لانے کے لئے پلان مانگ لیا۔