صادق آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے صادق آباد میں میدان لگا لیا. شریک چئیرمین آصف زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپتان سے زیادہ دیر ملک نہیں سنبھالا جا سکے گا، سیاست کےمعاملات انہیں سمجھ ہی نہیں آ رہے، عمران خان کو سچ سے پردہ اٹھانا پڑے گا ورنہ گھر جانا پڑے گا. اس موقع پر جیالے بڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں موجود تھے جو بلاول اور آصف زرداری کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے.
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ صادق آباد جلسہ گاہ پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ جیالوں کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود تھی جن کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ جلسے سے خطاب میں آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان سے حکومت زیادہ دیر سنھبالی نہیں جائے گی، انھیں سچ سے پردہ اٹھانا پڑے گا ورنہ گھر جانا ہو گا۔ عمران خان کو سیاسی معاملات کی سمجھ نہیں آ رہی۔ عمران نے جھوٹے وعدے کئے عوام کی امنگوں پر پورے نہیں اتر رہے۔
آصف زرداری نے مزید کہا جب ہم حکومت میں آئے تو ایسے ہی حالات تھے، میں نےصدارتی اختیارات پارلیمنٹ کوتفویض کیے، پیپلزپارٹی کےدورمیں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، یہ سمجھتے ہیں 18 ویں ترمیم ہم نے اپنے فائدے کیلئے کی۔ ہم نے جیلوں میں سیاسی مخالفین رکھے نہ کسی کے احتساب کا سوچا، پیپلزپارٹی کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ سابق صدر نے کہا کہ انہوں نے کام نہیں کیا توگھرجانا ہوگا، عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبے کا اعلان کیا تھا۔ جنوبی پنجاب کا ہمارا نعرہ چوری کیا ہم نے کہا کوئی بات نہیں بنائی، اب یہ پنجاب کا بجٹ کیوں تقسیم نہیں کرتے۔
قبل ازیں آصف زرداری کو صادق آباد پہنچنے پر پرتکلف ظہرانہ دیا گیا۔ ان کیلئے تیار کی گئی ڈشز میں ہرن ، بٹیر، تیتر، سرسوں کا ساگ، بھنڈی ،کھیر، قلفی اور گاجر کا حلوہ سمیت دیگر پکوان شامل تھے۔