لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم ہاؤس کے بعد پنجاب کے ایوان وزیراعلٰی میں بھی شکایت سیل قائم کر دیا گیا، وزیراعلٰی سردار عثمان بزدار نے شکایتی کال سن کر سیل کا افتتاح کیا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایوان وزیر اعلی پنجاب میں شکایت سیل کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے پورٹل پر شکایت درج کرانے کے لئے فون کال بھی سنی۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ سیل کا دائرہ کار پنجاب کے تمام محکموں تک پھیلائیں گے۔ سردار عثمان بز دار نے ساتھ ہی یہ بھی بتا دیا کہ وہ بے اختیار نہیں با اختیار ہیں۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت سھبالتے ہی اوپن ڈور پالیسی اپنائی، جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لئے کام جاری ہے، وزیر اعظم جلد بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے، کوئی یوٹرن نہیں لیا، لوکل باڈیز کے نظام کے مسودے پر تیزی سے کام جاری ہے۔
سردار عثمان بزدار نے پولیس ریفارمز بل کو بھی جلد کابینہ اور اسمبلی میں لانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلٰی نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ اب انکے گاوں میں بجلی آگئی ہے گیس کا ابھی پتہ نہیں۔