اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان کا کہنا ہے دھکا سٹارٹ حکومت نے پارلیمنٹ کومفلوج کر دیا، بتایا جائے دوست ممالک سے کن شرائط پر پیسہ لیا جا رہا ہے، فافن رپورٹ میں انتخابی دھاندلی کے نئے انکشاف ہوئے، بلاول کا جعلی اکاؤنٹس سے کوئی تعلق نہیں۔
پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ڈالر مہنگا ہونے پر وزیراعظم اور وزیر خزانہ کے بیانات میں تضاد ہے، دونوں میں سے ایک کو گھر جانا ہوگا، 100 دن بعد بھی قومی اسمبلی میں پبلک اکاونٹس کمیٹی نہیں بنائی گئی، حکومت کے پہلے 100 دن میں دیواریں گرانے، بھینسیں اور مرغی، انڈوں کی بات ہوئی۔
فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ملک میں بحرانی کیفیت مزید بڑھ چکی ہے، انتخابی دھاندلی سے متعلق نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ فافن کی آڈٹ رپورٹ میں دھاندلی کا انکشاف ہوا ہے جس پر الیکشن کمیشن کا ردعمل مضحکہ خیز اور ناقابل قبول ہے۔
سینیٹر شیری رحمن کا کہنا تھا پی ٹی آئی حکومت کے 100 دنوں میں ڈالر کی قیمت دو بار بڑھی جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی جس کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچ رہا، ہم نے گزارش کی تھی کہ پارلیمان کے ذریعے ملک کو چلائیں مگر پی ٹی آئی کی حکومت نے پارلیمنٹ کو مفلوج کر دیا ہے، احتساب کے لبادے میں انتقام کی سیاست کی جا رہی ہے۔