لاہور: (روزنامہ دنیا)لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے کے الزام میں ملوث ایم پی اے کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ن لیگی ایم پی اے نعیم صفدر کا پاسپورٹ بھی بحال کرنے کا حکم دے دیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مسعود جہانگیر نے ایم پی اے محمد نعیم صفدر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیر داخلہ کو فریق بنایا گیا تھا۔رکن صوبائی اسمبلی کوقصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے کے الزام میں مقدمہ میں نامزدکیا گیا تھا جس پر عدالت نے وزارت داخلہ کو ای سی ایل میں نام ڈالنے اور پاسپورٹ منجمدکرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت عالیہ نے دیگر ملزموں کو سزاسناتے ہوئے درخواست گزار کو بے گناہ قرار دیا تھا۔درخواستگزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ کو ای سی ایل سے نام نکلوانے اور پاسپورٹ کی بحالی کے لیے درخواستیں دیں لیکن شنوائی نہیں ہو رہی،عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ایم پی اے کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے پاسپورٹ بھی بحال کرنے کا حکم دے دیا۔