لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کی سفید چادر تن گئی جس کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق 16 زخمی ہو گئے، موٹر وے پولیس کے مطابق حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی ہے، غیر ضروری سفر نہ کرنے کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
پنجاب کے بیشتر علاقے دھند کی لپیٹ میں آ گئے، لاہور، قصور، سرگودھا، فیصل آباد، پاکپتن، بہاولپور ڈویژن اور گردونواح میں شدید کہر کے باعث قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، کئی مقامات پر حادثات پیش آئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب موٹر وے ایم 4 پر 2 حادثات میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ اس سے پہلے قصور دیپال پور روڈ پر بس اور سکول وین میں ٹکر کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
موٹروے کالاشاہ کاکوانٹرچینج کے قریب حد نگاہ کم ہونے کے سبب متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں 3 افراد زخمی ہوئے، موٹروے پولیس نے فوری ریسکیو کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ٹھوکر سے کوٹ مومن تک حدنگاہ 20 سے 500 میٹر جبکہ فیصل آباد سے گوجرہ 20 سے 200 میٹر رہ گئی ہے، شہری صرف انتہائی ضرورت کے تحت سفر کریں اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا ضرور استعمال کریں۔