اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ کے خط کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے وزارت خارجہ کو جواب تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں افغان امن عمل میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ وزیراعظم کے جوابی خط میں افغان مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ پاک امریکہ اسٹریٹجک مذاکرات کی بحالی کی تجویز بھی دی جائے گی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کا مثبت جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کا خط وزارت خارجہ کے حوالے کر کے اس کا جواب تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق افغان مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرنے کی امریکی درخواست پر یقین دہانی کرائی جائے گی، جوابی خط میں دو طرفہ تجارتی اور معاشی رابط بہتر بنانے پر زور دیا جائے گا۔