اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جسے کنٹرول کرنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں آبادی کا بڑھنا بڑا سیریس ایشو ہے، میں چیف جسٹس صاحب کا شکر گزار ہوں کیونکہ انہوں نے اس معاملے کو اٹھایا، جو چیف جسٹس نے کام کیے وہ جمہوری حکومتوں کو کرنے چاہیں تھے۔
اسلام آباد میں بڑھتی آبادی پر منعقدہ سمپوزیم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، ملک کی آبادی بہت تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے اور درخت کم ہوتے جا رہے ہیں، ہمیں بچوں کو ماحولیاتی آلودگی بارے آگاہی دینا ہوگی۔
سات سے لے کر بارہ بجے تک چیٹ شو میں صرف میری تعریفیں نہیں، ایسے ایشوز پر بھی بات ہونی چاہیے، ہم آبادی پر کنٹرول کرنے کیلئے موثر مہم چلائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابات ہوتے تھے لیکن قانون پر عمل درآمد نہیں ہوتا تھا، جمہوری حکومتیں صرف 5 سال کیلئے سوچتی تھیں، شارٹ ٹرم سوچ کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوئے
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہتری کے دور کا آغاز ہو گیا ہے، ملکی ادارے خود مختار ہو رہے ہیں، وہ قومیں تباہ ہوئیں جہاں طاقتور اور کمزور کیلئے الگ الگ قانون ہے، چیف جسٹس ہر طاقتور کو قانون کے نیچے لا رہے ہیں۔ بڑے بڑے قبضہ گروپوں کیخلاف چیف جسٹس اور حکومت بھی ہاتھ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشا اللہ آنے والے دنوں میں قرضوں سے بھی نجات مل جائے گی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ معاشرہ ترقی کرتا ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہو، حکمرانوں کو قانون کے تابع کرنے والے معاشرے ترقی کرتے ہیں۔ پاناما انکشافات کے بعد کسی نے سوچا نہیں تھا کہ وزیراعظم کو بھی جواب دینا ہوگا۔ پاناما فیصلے کے بعد جن بوتل سے باہر آ چکا ہے، اب کوئی نہیں سوچے گا کہ وہ قانون سے بالاتر ہے۔