راولپنڈی: (دنیا نیوز) سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کی آج سینتالیسویں برسی ہے، راولپنڈی کے قریب دولتالا میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، وطن کے اس جری بیٹے نے 1971ء کی جنگ میں دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواں مردی سے مقابلہ کیا۔
سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کی 1971 کی جنگ میں تعیناتی شکر گڑھ سیکٹر میں ہوئی، بنیادی کام وائرلیس پر احکامات وصول کرنا اور آگے پہنچانا تھا لیکن ساتھی سپاہیوں کو فرنٹ لائن پر لڑتا دیکھ کر میدان جنگ میں لڑنے کا جذبہ پیدا ہوا۔
جرات و استقامت کے اس پیکر نے بے مثل جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا، اپنی ذہانت اور حکمت عملی سے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔ 10 دسمبر 1971ء کو دشمن کی گولیوں نے ان کا سینہ چھلنی کر دیا اور وطن کا یہ جری بیٹا شہادت کے مرتبے پر فائز ہوا۔
سوار محمد حسین کی بے مثال جرات و بہادری کے اعتراف میں انہیں اعلی ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔