اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے حکومتی وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پرمشاورت کی گئی اور شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
آج قومی اسمبلی اجلاس کے بعد حکومتی وفد نے شہبازشریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ حکومتی وفد نے مسلم لیگ ن کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کا مطالبہ تسلیم کر لیا۔ اس دوران قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی مشاورت ہوئی اور شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر بھی اتفاق کر لیا گیا۔
ملاقات کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کے لئے ذیلی کمیٹی بنے گی،جس کے سربراہ کاتعلق تحریک انصاف سے ہو گا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ لیگی دور حکومت کے معاملات دیکھنے کیلئے ذیلی کمیٹی بنا دیتے ہیں، قائمہ کمیٹیاں بنیں گی تو ایوان چلے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت ماضی قریب میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چئیرمین اپوزیشن ارکان میں سے منتخب کرنے کا سختی سے انکار کرتی رہی ہے تاہم اب اچانک یوٹرن لے کر حکومت نے اپنے ہی موقف کی نفی کر ڈالی۔