اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں 10 وزارتوں اور و ڈویژنز کی 100 روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
دس مزید وفاقی وزراء نے سہہ ماہی امتحان پاس کر لیا۔ وزیر اعظم نے وزراء کو آئندہ تین ماہ کیلئے نیا ٹاسک سونپ دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام کابینہ ارکان کی کارکردگی کا خود جائزہ لوں گا۔ وزیر اعظم نے گزشتہ اجلاس میں شیخ رشید اور مراد سعید کی تعریف کی تو آج زلفی بخاری کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
اجلاس میں کابینہ ارکان نے اپنی وزارتوں سے متعلق کفایت شعاری مہم کے تحت اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور مستقبل کا لائحہ عمل وزیراعظم کے سامنے پیش کیا۔ کابینہ نے ایف بی آر، پوسٹل سروسز، منصوبہ بندی، ثقافتی ورثہ، نجکاری، نارکوٹکس کنڑول، غذائی تحفظ ڈویژن، قومی سلامتی ڈویژن، وزارت سمندر پار پاکستانیز اور وزارت پارلیمانی امور کا جائزہ لیا۔
وزیر اعظم نے وزراء کو آئندہ تین ماہ کے اہداف سونپتے ہوئے کہا کہ وہ ہر تین ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں گے۔ وزراء اہداف کے حصول کے لیے دن رات محنت کریں۔ کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں 26 وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تھا۔