لندن: (دنیا نیوز) ڈیموں کی تعمیر، پاکستان کی بقاء کی ضمانت، دنیا میڈیا گروپ کے زیر اہتمام لندن میں دیا مر بھاشا ڈیم کے لئے فنڈز جمع کرنے کی تقریب آج ہورہی ہے، جس میں چیف جسٹس آف پاکستان بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے، تقریب میں پاکستانی اور مقامی بزنس کمیونٹی کی نمایاں شخصیات بھی شرکت کریں گی، میراتھن ٹرانسمیشن رات بارہ بجے شروع ہو گی جو چار سے پانچ گھنٹے تک جاری رہے گی۔
دنیا نیوز اور یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کی تقریب لندن میں منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کے مہمان خصوصی چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار ہیںُ۔
سنٹرل لندن میں اس تقریب میں پاکستانی اور مقامی بزنس کمیونٹی کے نمایاں افراد شرکت کر رہے ہیں اس موقع پر ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز کی اپیل کیلئے براہ راست نشریات دنیا نیوز پر برطانوی وقت سات بجے سے جاری رہے گی۔ چیف جسٹس آف پاکستان اپنے دورے کےدوران اس بات کا واضح اعلان کر چکے ہیں کہ دریائے سندھ پر ایک نہیں، بیسیوں ڈیم بنیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ڈیموں کی تعمیر سے کوئی نہیں روک سکتا، کیونکہ یہ پاکستان کی بقاء کا معاملہ ہے۔
تقریب میں برطانیہ سمیت یورپ میں مقیم پاکستانی بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔ اور دل کھول کر ڈیم کی تعمیر کے لئے عطیات دیں گے۔