اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اہم مشاورتی اجلاس میں آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں پارٹی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے، آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں حکومت کو ٹف ٹائیم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے گرفتاری کی صورت میں ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیئر رہنماوں نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی تجویز بھی دی جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کے خلاف تحریک لانے کے معاملے پر دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف تحریک لانے کا معاملہ سی ای سی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کا امکان ہے جبکہ آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں بینظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو کو میدان میں اتارنے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صنم اس وقت پاکستان میں موجود ہیں، صنم بھٹو آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں احتجاجی تحریک کو لیڈ کریں گی۔