اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت مذہبی امور نے حج 2019 کیلئے ایئر لائینز کے کرائے مقرر کر دیئے، ملک بھر سے عازمین کو 2 زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، کرایہ 95 ہزار سے ایک لاکھ پانچ ہزار روپے ہوگا۔ حج آپریشن کرنے والی تین ایئرلائینز کو حکم نامہ موصول ہوگیا۔
آئندہ سال حج پر جانے والوں کیلئے وزارت مذہبی امور کی جانب سے کرائے کا اعلان کر دیا گیا۔ حج 2019 کے لیے ملک بھر کو دو زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ نارتھ زون میں لاہور، پشاور، فیصل آباد، اسلام آباد، سیالکوٹ، رحیم یار خان، ملتان شامل ہیں۔ جن کے دو طرفہ جہاز کا کرایہ ایک لاکھ 5 ہزار 674 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ساوتھ زون میں کراچی، سکھر اور کوئٹہ کو شامل کیا گیا ہے۔
ساوتھ زون والے عازمین کے ٹکٹ کی قیمت 95 ہزار 448 روپے مقرر کی گئی ہے، کرائے سے متعلق پی آئی اے سمیت تین ایئر لائینز کو حکم نامہ موصول ہو گیا ہے۔ اس بارکوئٹہ سے عازمین براہ راست اپنے ہی شہر سے حجاز مقدس جائیں گے، اس سے قبل کوئٹہ والوں کو پہلے کراچی آنا پڑتا تھا۔