اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کرپشن کے الزام میں گرفتار رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیب کے زیرحراست خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں شرکت کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔
سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی میں کارروائی اور طریق کار کے قواعد 2007 کے قاعدہ 108 کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔ ان قواعد کے تحت سپیکر کسی بھی زیرحراست رکن اسمبلی کی موجودگی کو ضروری سمجھتا ہو تو اجلاس میں شرکت کے لیے طلب کرسکتا ہے۔
خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو نے خواجہ سعد رفیق کو پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں گرفتار کر رکھا ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کو سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔