لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے چیئرمین نیب کو ہدایت کی کہ خواجہ برادران کی تفتیش سے متعلق درخواست پر جلد از جلد فیصلہ کرے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے خواجہ برادران کی درخواستوں پر سماعت کی۔ خواجہ برادران کے وکیل عابد ساقی نے نشاندہی کی کہ خواجہ برادران کے خلاف ڈی جی نیب ٹاک شو میں ایسی باتیں کر رہے ہیں جیسے وہ تفتیشی افسر نہیں بلکہ موچی دروازے میں خطاب کر رہے ہیں۔
عدالتی استفسار پر نیب کے وکیل نے بتایا کہ تفتیش تبدیل کرنے سے متعلق درخواست چیئرمین نیب کے پاس ہے جس پر وہ تین دن میں فیصلہ کر دیں گے۔ خواجہ برداران کی درخواست پر نیب نے بتایا کہ جب انہیں گرفتار کیا جائے گا اس وقت گرفتاری کی وجوہات بتا دی جائیں گی۔
عدالت نے گرفتاری کی وجوہات پوچھیں تو نیب کے وکیل نے بتایا کہ وجوہات نیب کے پاس اس وقت موجود نہیں ہیں، جس پر 2 رکنی بنچ نے برہمی کا اظہار کیا۔ سماعت کے بعد خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف جو ہتھکنڈے آزمائے جا رہے وہ نئے نہیں ہیں۔