لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پیراگون سٹی ہائوسنگ سکیم میں بے ضابطگیوں کے کیس میں خواجہ برادران کی عبوری ضمانت میں 26 نومبر تک تیسری بار توسیع کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت شروع کی تو عدالت کو تحریری طور پر بتایا گیا کہ امجد پرویز اسلام آباد میں مصروفیت کے سبب پیش نہیں ہو سکتے لہذا کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ میں خواجہ سعد رفیق نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پیراگون انکوائری سے متعلق نیب سے مکمل تعاون کر رہے ہیں اسکے باوجود وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں لہذا ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ کے در کنی بنچ نے خواجہ برادران کے وکیل کی عدم پیشی کے باعث درخواست کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی اور نیب کو خواجہ سعد اور خواجہ سلمان رفیق کر گرفتار کرنے سے روک دیا۔
خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں جبرا ایک ہائوسنگ سکیم کا مالک بنایا جا رہا ہے، سپریم کورٹ میں پیرا گون سے کوئی تعلق نہ ہونے کا بیان حلفی بھی دے چکے ہیں۔