گرفتاری کا کھٹکا، سعد رفیق نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دیدی

Last Updated On 10 October,2018 05:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد خواجہ سعد رفیق کو بھی گرفتاری کا کھٹکا، سابق وفاقی وزیر نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا، خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر سماعت کل ہو گی۔

خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی سماعت کریں گے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نیب کو ان کے خلاف جاری تمام انکوائریز سے متعلق مطلع کرنے کا حکم دے اور احکامات جاری کرے کہ انہیں دو ہفتے تک گرفتار نہ کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان کی تاریخ سیاسی انتقام سے بھری پڑی ہے۔ عام انتخابات 2018ء سے پہلے درخواست گزار کو کال اپ نوٹس بھیجا گیا، درخواست گزار نے مطلوبہ معلومات اور دستاویزات تحریری جواب کے ساتھ جمع کروائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار ذاتی طور پر تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش بھی ہوا اور معاونت بھی کی، اس کے علاوہ درخواست گزار کبھی پیراگون سٹی کا ڈائریکٹر یا شئیر ہولڈر رہا نہ ہی اس کے معاملات سے کوئی تعلق رہا، درخواست میں نیب اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔